۔اسلام آباد (این این آئی)نگراں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ افغانیوں سمیت عالمی برادری پر درست دستاویزات کے ساتھ پاکستان میں کاروبار کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہے،پاکستانی شہری ویزا اور درست دستاویزات کے بغیر کاروباری مقاصد کے لیے افغانستان میں داخل نہیں ہو سکتے۔ ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہری ویزہ اور درست دستاویزات کے بغیر کاروباری مقاصد کےلئے افغانستان میں داخل نہیں ہو سکتے،ہر ملک میں داخلے کے لیے قواعد و ضوابط ہوتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی شہریت رکھنے والے کو مناسب دستاویزات کے ساتھ تجارت اور کاروبار شروع کرنے کا خیرمقدم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شروع کی گئی مہم کے بعد دو لاکھ سے زائد افغان باشندے پاکستان چھوڑ چکے تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو گزشتہ کئی سالوں سے دہشت گردی کے مسائل کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ افغان لوگ جو پاکستان میں غیر قانونی طور پر رہ رہے تھے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے تھے۔ امن کو پٹڑی سے اتارنے میں را کے ملوث ہونے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ’ را ‘پاکستان میں پرامن ماحول کو سبوتاژ کرنے کے لیے دہشت گرد گروپوں کی مالی معاونت کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرحدوں سے شورش کو کنٹرول کرنے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے خلاف کارروائی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو لوگ قومی اداروں کے خلاف جرم کے مرتکب پائے گئے ان کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو توڑ پھوڑ پاکستان میں ایک المناک واقعہ تھا۔انہوں نے خبردار کیا کہ کسی کو بھی اس ملک کے سیکورٹی اداروں کے خلاف کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔