اسلام آباد(خبرنگار)نگران وفاقی وزیر برائے قومی صحت ڈاکٹر ندیم جان نے ملک بھر میں غیر رجسٹرڈ ،پابندی شدہ اور روایتی سرنجوں کی فروخت کا نوٹس لیتے ہوئے غیر رجسٹرڈپابندی شدہ روایتی سرنجوں کی فروخت کےخلاف مہم کا آغاز کرنے کی ہدایت کی ہے۔منگل کو وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر ندیم جان کی ہدایت پر مارکیٹ سروے کا آغاز کیا جارہاہے ڈاکٹر ندیم خان نے اس حوالے سے ڈریپ ، فیلڈ دفاتر اور صوبائی محکمہ صحت کو ہدایات جاری کر دی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ روایتی سرنجوں کا بار بار استعمال کیا جا سکتا ہے جو ہیپاٹائٹس، ایڈز وغیرہ جیسی متعدی بیماریوں کے پھیلاو کا باعث بن سکتی ہیں انہوں نے کہا جن مصنوعات پرپابندی عائد کی گئی ہے ان کی فروخت، تقسیم اور اسٹاکنگ میں ملوث مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے امراض کے حوالے سے آگاہی کے لئے جامع پالیسی اپنانا ہو گی۔ ذیابیطس کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ذیابیطس سے بچنے کے لئے ہمیں اپنا طرز زندگی تبدیل کرنا ہوگا۔ پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی کثیر تعداد ہے انہوں نے کہا پاکستان میں اس وقت 33 ملین لوگ ذیابیطس سے متاثر ہیںاس مرض کو روکنے کے لئے محکمہ صحت کے سہارے کی بجائے اپنے طرززندگی میں تبدیلی لانی پڑتی ہے۔