آئی سی سی ورلڈکپ 2023ء کے پہلے سیمی فائنل سے قبل بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنے باولرز کو فائدہ دینے کے لیے سیمی فائنل میچ کی پچ تبدیل کردی۔ برطانوی خبر رساں ادارے ’ڈیلی میل ‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آج ممبئی میں شیڈول ورلڈ کپ 2023ء کے پہلے سیمی فائنل مقابلے کی پچ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی اجازت بغیر ہی تبدیل کردی ہے۔ ورلڈ کپ میں استعمال ہونے والی تمام پچز آئی سی سی کے کیورٹر اینڈی اٹیکشن کی زیر نگرانی تیار کی جاتی ہیں، میگا ایونٹ کیلئے طے شدہ معاہدے کے مطابق ہر سٹیڈیم میں مختلف پچز پر نمبر لگائے جاتے ہیں تاکہ نئی تیار کردہ پچ پر میچ کھیلا جاسکے۔ وانکھڈے کرکٹ سٹیڈیم میں سیمی فائنل میچ 7 نمبر پچ پر میچ شیڈول تھا جس پر پہلے سے کوئی میچ نہیں ہوا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سیمی فائنل کیلئے مختص پچ استعمال نہیں کی جارہی بلکہ یہ میچ اس 6 نمبر پچ پر ہورہا ہے جس پر پہلے ہی 2 میچز کھیلے جاچکے ہیں اور یہ پچ بھارتی سپنرز کے لیے مددگار ثابت ہونے کا بھرپور امکان ہے۔ دوسری جانب ورلڈکپ فائنل کیلئے بھی ایسی ہی اطلاعات ہیں کہ بھارتی بورڈ نے احمد آباد کی پچ کو بھی تبدیل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں تاکہ فائنل تک پہنچنے کی صورت میں بھارتی ٹیم کی کامیابی کے امکانات بڑھ سکیں۔
ورلڈکپ سیمی فائنل، بھارت نے اپنے باؤلرز کو فائدہ دینے کیلئے پچ تبدیل کردی
Nov 15, 2023 | 12:37