لاہور(سپورٹس رپورٹر)آسٹریلیا نے پاکستان کو تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے بارش سے متاثرہ میچ میں 29 رنز سے شکست دیکر ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔برسبین میں دن کے وقت ہونے والی بارش کے باعث ٹاس تاخیر کا شکار ہوا۔ میچ کو سات ‘سات اوورز تک محدود کردیا گیا۔قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔میزبان ٹیم کی جانب سے گلین میکسویل نے 19 گیندوں پر 43 رنز بنائے‘ 5 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ میتھیو شارٹ 7 ، جیک فریسر اور ٹم ڈیوڈ 9،9 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ٹیم نے مقررہ سات اوورز میں 4 وکٹوں پر 93 رنز بنائے۔ حارث رؤف اور نسیم شاہ نے ایک ایک جبکہ عباس آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔ پاکستانی ٹیم 9 وکٹوں پر 64 رنز ہی بنا سکی۔کوئی بیٹر اچھے کھیل کا مظاہرہ نہ کرسکا ۔ 16گیندوں پر5کھلاڑی آئوٹ ہونے کے بعد ٹیم دبائو کا شکار ہوگئی ۔ 24رنز پر چھٹی وکٹ گرگئی ۔ حسیب اللہ 12 اور صاحبزادہ فرحان 8 ، عثمان خان اور سلمان آغا 4، 4 اور بابراعظم 3 ‘شاہین آفریدی 11رنز بناسکے ۔ محمد رضوان، عرفان خان اور نسیم شاہ صفر پر آوٹ ہوئے۔ عباس آفریدی 20 رنز کیساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔زیویربارٹلیٹ اور نیتھن ایلیس نے3،3 ‘ایڈم زمپا نے 2وکٹیں حاصل کیں۔گلین میکسویل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دوسرا میچ کل کھیلا جائیگا۔ پاکستان کی جانب سے حسیب اللہ اور سلمان علی آغا نے ٹی ٹونٹی ڈیبیو کیا۔آسٹریلیا کو مچل سٹارک، جوش ہیز ل ووڈ، مستقل کپتان مچل مارش اور اوپنر ٹریوس ہیڈ کی خدمات حاصل نہیں تھیں۔ جوش انگلس سیریز میں ٹیم کی قیادت کرینگے۔
بارش کا رنگ میں بھنگ، آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلا ٹی ٹونٹی 29 رنز سے ہرا دیا
Nov 15, 2024