لاہور(نامہ نگار)چیف ٹریفک آفیسر لاہور عمارہ اطہرنے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے جمعہ اور اتوار کے روز لاہور میں ہیوی ٹرانسپورٹ کے داخلے پرمکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔آج جمعہ اور اتوار کے روز کسی بھی قسم کی ہیوی ٹریفک، لوڈر ٹریکٹر ٹرالی کو شہر کے داخلیکی اجازت نہیں ہوگی۔ڈی ایس پیز کی نگرانی میں شہر کے 12داخلی و خارجی راستوں پر نفری تعینات کردی گئی ہے۔ہیوی ٹریفک، خستہ حال،انتہائی خطرناک حد کالا دھواں اور فٹنس سرٹیفکیٹ نہ رکھنے والی گاڑیوں کو شہر میں داخلے کی اجازت نہیں جبکہ پابندی سے مستثنیٰ پٹرول، ادویات، خوردونوش اور مسافر گاڑیوں کو چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت ہوگی۔پابندی کے اطلاق کو سوفیصد یقینی بنایاجائیگا۔ٹرانسپورٹرز سموگ تدارک اور صحتمند آب و ہوا کیلئے حکومتی احکامات کی پاسداری کریں۔ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے ہم سب کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔