لاہور(کامرس رپورٹر)چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے وفاقی سیکرٹری ای اے ڈی ڈاکٹر کاظم نیاز، چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ بیرسٹر نبیل احمد اعوان اور ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بین ہسین کے ہمراہ فارن فنڈڈ پراجیکٹس پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ بورڈ پنجاب کے عبداللہ خان سنبل ایڈیٹوریم میں ہوا۔اجلاس میں پنجاب میں جاری فارن فنڈڈ پراجیکٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور پراجیکٹس پر عمل درآمد کے دوران درپیش چیلنجز، ممکنہ رکاوٹوں کی نشاندہی اور ان سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی بارے غور کیا گیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے پنجاب حکومت کے بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے صوبے کے طویل مدتی ترقیاتی اہداف کے ساتھ غیر ملکی فنڈ سے چلنے والے منصوبوں کو ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔