سب سے بڑا چیلنج فتنہ الخوارج کی ملک دشمن سرگرمیاں ہیں:آئی جی

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پنجاب پولیس کو درپیش سب سے بڑا چیلنج  فتنہ الخوارج کی ملک دشمن سرگرمیاں ہیں۔فتنہ الخوارج اسلام، ملکی آئین، بچیوں کی تعلیم و ترقی اور سائنس و ٹیکنالوجی کے دشمن ہیں۔ پنجاب پولیس کے بہادر جوان ڈی جی خان، میانوالی سمیت دیگر بین الصوبائی بارڈر چیک پوسٹوں پر میں فتنہ الخوارج کے حملوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں اور قومی ترقی کا پہیہ روکنے کے درپے فتنہ الخوارج کو شکست دینے کیلئے ہمارا ہر سپاہی سربکف ہے۔ فتنہ الخوارج خواتین کی خودمختاری، قومی دھارے میں شامل ہونے سے نہیں روک سکتے۔ ڈاکو، راہزن، چور اور سماج دشمن عناصر ہمارا ٹارگٹ ہیں انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں زیر تربیت افسران واہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ چینی و غیر ملکی شہریوں اور ماہرین کی فول پروف سکیورٹی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ سپروائزری افسران حساس دفاتر اور سی پیک ورکنگ سائٹس سمیت مقامات کے سکیورٹی انتظامات کی سرپرائز انسپکشن یقینی بنائیں۔ چالانوں کی بروقت تکمیل کیساتھ ساتھ زیر التوا چالانوں کی شرح میں خاطر خواہ کمی یقینی بنائی جائے۔ سموگ کی صورتحال کے پیش لاہور سمیت تمام اضلاع میں کریک ڈاؤن کو مزید موثر اور تیز بنایا جائے۔ فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ جلانے، فیکٹریوں، بھٹوں اور زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف کاروائیوں میں تیزی لائی جائے۔ پولیس خدمت مراکز اور تحفظ و میثاق سنٹرز سمیت کمیونٹی پولیسنگ کے تمام پراجیکٹس سے زیادہ سے زیادہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ لا اینڈ آرڈر کے قیام، منظم جرائم اور منشیات کے خاتمے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے، ویلفیئر ذرائع اور فنڈز کے موثر استعمال سے پولیس فورس اور انکے اہلخانہ کو بھرپور ریلیف فراہم کیا جائے۔ سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنز کے پروٹوکول اور ایس او پیز پر من و عن عمل درآمد یقینی بنائیں۔

ای پیپر دی نیشن