لاہور(نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر، سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے پی پی پی کے سابق مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جہانگیر بدر کی آٹھویں برسی کے موقع پر کہا جہانگیر بدر جیسے نڈر، وفادار اور جانثار کارکن کے بغیر پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ ادھوری ہے۔پارٹی ان کی بیمثال خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔ مرحوم ڈاکٹر جہانگیر بدر نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز ایوب خان کے مارشل لاء کے دور میں کیا۔ جہاں انہوں نے طلباء سیاست میں فعال کردار ادا کیا اور طلباء یونین کی قیادت کی۔ ان کی جدوجہد کا عروج وہ وقت تھا جب انہوں نے فوجی آمریت کے خلاف علم بغاوت بلند کیا اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ ان کی بے باکی اور اصول پسندی انہیں دوسروں سے ممتاز کرتی ہے اور ایسے بے خوف سیاسی کارکن صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ جہانگیر بدر کی قومی اور سیاسی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کی محنت اور قربانیوں کو پاکستانی عوام کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
جہانگیر بدر جیسے جانثار کارکن کے بغیر پیپلز پارٹی کی تاریخ ادھوری ہے:مخدوم احمد محمود
Nov 15, 2024