لاہور(نیوز رپورٹر) فضائی آلودگی اور سموگ چھوٹے بچے، حاملہ خواتین اور ضعیف العمر افراد کی صحت اور زندگیوں کو سب سے زیادہ خطرات لاحق ہیں۔ پاکستان کے مختلف علاقوں میں شدید سموگ کی وجہ سے تمام شہری متاثر ہورہے ہیں تاہم سب سے چھوٹے بچوں کی صحت داؤ پر لگی ہے۔ صحافیوں سے گفتگو میں پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر کا کہنا تھا فضائی آلودگی سے بچے اس لیے زیادہ متاثر ہو تے ہیں کیونکہ ان کے پھیپڑے کمزور اور ان کی قوت مدافعت کم ہوتی ہے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے بتایا کہ آلودہ ذرات بچوں کے پھیپڑوں اور دماغ کی نشونما پر بہت زیادہ اثر انداز ہوسکتے ہیں۔