لاہور (خصوصی نامہ نگار) انٹرنیشنل ختم نبوت مومنٹ ورلڈکے مرکزی امیر مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ سے ان کی رہائش گاہ پر شیخ الحدیث مولانا محمد قاسم، مولانا طارق خلیل سمیت دیگر علماء نے ملاقات کرتے ہوئے عقیدہ ختم نبوت و ناموس رسالتؐ سمیت دیگر دینی امور پر بات چیت کی۔ اس موقعہ پر مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ نے ان علماء کرام کو حدیث مسلسلات کی ’’سند اجازت حدیث‘‘ اور اپنی دیگر تصانیف دیتے ہوئے کہا ناموس رسالتؐ اور عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اس کے تحفظ کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں اور وسائل خرچ کرنا عشق رسولؐکا تقاضہ اور آخرت میں حضورؐ کی شفاعت کا بہترین ذریعہ ہے۔ انٹرنیشنل ختم نبوت مومنٹ نسل نو کے ایمان کی حفاظت اورعقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کا فریضہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں سرانجام دیتی رہے گی۔ غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کے بدترین مظالم وبمباری میں ہزاروں بے گناہ بچوں اور خواتین سمیت مسلمانوں کی شہادت پوری امت مسلمہ کیلئے لمحہ فکریہ اور انتہائی تکلیف دہ اور اذیت ناک ہے۔موجودہ حالات میں علماء کرام غزہ فلسطین،کشمیر،اور برما سمیت دیگر ممالک کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی اور ظلم سے نجات کیلئے آواز بلند کرتے ہوئے اپنا قائدانہ کردار ادا کریں۔ اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور امریکہ و برطانیہ سمیت دیگریورپی ممالک کا مجرمانہ خونی کردار بھی ناقابل فراموش ہے۔