لاہور(نیوز رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے رہنما ڈاکٹر مزمل ہاشمی نے لاہور میں سموگ کی بڑھتی ہوئی صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا حکومت عوام کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنا بند کردے۔ سموگ کی وجہ شہریوں کی زندگی داؤ پر لگ چکی ہے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے مطالبہ کرتے ہیں کہ لاہور میں فوری طور پر سموگ ایمرجنسی نافذ کی جائے اور سموگ کی روک تھام کیلئے دوست ممالک سے مدد لی جائے۔ پنجاب میں 5 سال سے کم عمر کے ایک کروڑ سے زائد بچوں کو سموگ کی وجہ سنگین خطرہ لاحق ہے جس پر قابو پانے کیلئے فضائی آلودگی میں کمی لانے کی فوری اور موثر کوششیں کرنا ہوں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں جاری مختلف حلقوں میں کارنر میٹنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چوہدری معاذ اشتیاق، عمر فاروق گجر، حافظ نوید، عمر عبدالعزیز اور احمد یاسین سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر مزمل ہاشمی کا مزید گفتگو کرتے کہا میں کارکنان سے گزارش کرتا ہوں لاہور میں سموگ کی بڑھتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر کارکنان اپنا مکمل خیال رکھیں ماسک لگا کر رکھیں اور لوگوں میں ماسک تقسیم کرنا شروع کریں۔