نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی ریاست ہریانہ کی ایک بھینس نے اپنے وزن، روزانہ کی خوراک اور قیمت کے باعث عالمی شہرت حاصل کرلی۔ انمول نامی بھینس کو آل انڈیا کسان فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا جسے دیکھنے کے لیے دور دراز علاقوں سے شہریوں کی بڑی تعداد پہنچی تھی۔ 1500 کلو وزنی اس بھینس کی قیمت 23 کروڑ بھارتی روپے ہے جو پاکستانی 76 کروڑ روپوں سے زائد بنتے ہیں۔ اس ایک بھینس کی قیمت میں متعدد عالیشان گھر اور لگژری کاریں خریدی جا سکتی ہیں۔ ’انمول‘ بھینس کے روزانہ کا مینیو بھی بہت خاص ہے۔ خوراک میں 250 گرام بادام، 4 کلو انار، 30 کیلے اور 20 انڈوں سمیت سبز چارہ، دیسی گھی، سویابین اور مکئی شامل ہیں جبکہ یہ روزانہ 5 کلو دودھ بھی پیتی ہے۔ انمول کی صحت کے ساتھ ساتھ اس کا مالک بھینس کی جلد کا بھی خاص خیال رکھتا ہے جس کے لیے وہ انمول کو روزانہ بادام اور سرسوں کے تیل سے 2 بار نہلاتا ہے۔