سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی) گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کے آپریشن تھیٹر سے خاتون کی برہنہ حالت میں نعش برآمد ہوئی، مبینہ طور پر نامعلوم خاتون کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا۔ نعش تین سے چار دن پرانی لگتی ہے۔ خاتون کی عمر 30سے 35 سال کے درمیان ہے۔ نعش کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیئے بھجوا دیا۔ ہسپتال انتظامیہ موقف دینے سے مکمل انکاری ہیں۔ پرنسپل خواجہ صفدر میڈیکل کالج ، ایم ایس سول ہپستال و دیگر عملہ اپنے دفاتر سے غائب ہوگیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ نے علامہ اقبال میموریل ہسپتال کی ایمرجنسی سے ملحقہ کمرے کے گٹر سے ملنے والی نعش کے معاملے پر بتایا گیا کہ متعلقہ پولیس اور فرانزک ٹیمیں موقع سے شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہیں اور ایس پی انویسٹی گیشن سیالکوٹ، ڈی ایس پی سٹی سرکل اور ڈی ایس پی آرگنائزڈ کرائم یونٹ اپنی اپنی ٹیموں کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں، اصل حقائق سامنے آنے پر مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ خاتون کی نیم برہنہ لاش برآمد ہونے پر ہسپتال میں بھی خوف و ہراس پھیل گیا اور شہریوں کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں ہسپتال کے عملہ کو بھی شامل تفتیش کیا جائے۔