ٹرمپ، جوبائیڈن ملاقات اہم تھی، وائٹ ہاؤس

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور موجودہ صدر جوبائیڈن کی ملاقات کے حوالے سے ترجمان وائٹ ہائوس کیرن جین پیئر نے کہا کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے ملاقات اس لئے کی کیونکہ وہ اصولوں پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ملاقات امریکی عوام کیلئے بھی اہم تھی، امریکی عوام اقتدار کی پرامن منتقلی کے مستحق ہیں۔ دوسری طرف عالمی خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم نے پینٹاگون کے ایسے افسران کی فہرست بنانا شروع کردی ہے جنہیں ٹرمپ اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد برطرف کردیں گے۔ اس فہرست میں چیئرمین اور وائس چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف سمیت بری، بحری، فضائی اور نیشنل گارڈز کے سربراہان بھی شامل ہیں۔ اس فہرست میں ان افسران کو بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے جنہوں نے افغانستان سے امریکی فوجیوں کے انخلا کی ناقص منصوبہ بندی کی تھی اور جس سے پوری دنیا میں امریکہ کی جگ ہنسائی ہوئی تھی۔ نومنتخب صدر ٹرمپ کی جانب سے وزیر دفاع کے طور پر فوکس نیوز کے اینکر اور سابق فوجی پیٹ ہیگزتھ کی  تعیناتی سے بھی اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ ٹرمپ پینٹاگون میں بڑی تبدیلیاں دیکھنا چاہتے ہیں۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے فوجیوں کو برطرف کرنا اتنا آسان نہیں ہوگا اور یہ بہت مشکل نظر آتا ہے کہ ٹرمپ اس فہرست کی توثیق کریں۔

ای پیپر دی نیشن