ہائیکورٹ نے نیب ترمیمی آرڈیننس کیخلاف درخواست غیر موثر قرار دے دی

Nov 15, 2024

لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب)ترمیمی آرڈیننس کے خلاف درخواست غیر موثر قرار دے کر نمٹا دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے نیب ترمیمی آرڈیننس کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ سنایا۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصر احمد نے عدالت پیش ہوکر دلائل مکمل کیے، انہوں نے کہا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کی مدت ختم ہونے پر درخواست غیر موثر ہوچکی، درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں، درخواست مسترد کی جائے۔درخواست گزار منیر احمد کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 4جون سے آج تک جان بوجھ کر جواب نہیں دیا جارہا، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی حد تک نیب آرڈیننس کا اطلاق کرکے امتیازی سلوک کیا گیا، نیب ترامیم کے برعکس 14 روز کی بجائے 40 دن کا جسمانی ریمانڈ لیا جا رہا ہے۔اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے استدعا کی کہ عدالت جسمانی ریمانڈ کی مدت بڑھانے کی نیب ترامیم کو کالعدم قرار دے۔تاہم عدالت نے درخواست کو غیر موثر قرار دے کر نمٹا دیا۔

مزیدخبریں