اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے ویمن انٹر پرینیورشپ کانفرنس "ویکون 2024"ء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نسل نے تختی سے فائیو جی کا سفر طے کر کے ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے۔ یہ نالج اور انوویشن کا دور ہے، جس میں حیرت انگیز تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور پاکستان کے نوجوان انٹر پرینیور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ نوجوان لڑکیوں کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ جدید شعبوں میں بھرپور انداز سے آگے بڑھ رہی ہیں اور دنیا کی ممتاز یونیورسٹیوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ انہوں نے نارووال جیسے پسماندہ علاقے میں یونیورسٹی کی ترقی اور طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد پر فخر کا اظہار کیا۔ وزیر منصوبہ بندی نے پاکستان کے لیے پانچ نکاتی ایجنڈا، "فائیو ایز ماڈل" کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس فریم ورک میں برآمدات، ڈیجیٹل پاکستان، گرین توانائی، ماحولیاتی تحفظ اور ترقی کے مساویانہ مواقع کو فروغ دینے کے اقدامات شامل ہیں۔
ہماری نسل نے تختی سے فائیو جی کا سفر طے کر کے ناممکن کو ممکن کر دکھایا: احسن اقبال
Nov 15, 2024