کراچی (آ ئی این پی )گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں خواتین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔گورنر سندھ سے ایف پی سی سی آئی کی قائم مقام صدر قرت العین نے وفد کے ہمراہ گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔اس موقع پر کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں خواتین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، خواتین کا مختلف شعبوں میں بڑی تعداد میں حصہ لینا باعثِ فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو معاشی سرگرمیوں میں شامل کرنے سے جی ڈی پی میں اضافہ ممکن ہے، خواتین کا ٹیکسٹائل، دستکاری، فیشن ڈیزائن سمیت دیگر شعبوں میں اپنی صلاحیتیں کو منوانا خوش آئند ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو ان شعبوں میں لانے کے لئے خصوصی اسکیمیں متعارف کروانا قابلِ تعریف عمل ہے، موجودہ حکومت نے خواتین کو کاروباری کی فراہمی کے لیے بینکوں سے آسان شرائط پر قرضہ جات فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے ہزاروں خواتین کو کاروبار شروع کرنے اور مستحکم کرنے میں مدد مل رہی ہے، خواتین کو کاروبار میں پیش آنے والی مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ضروری ہے۔