چیمپئنز ٹرافی، بھارتی بورڈ کی پاکستان کو مالی نقصان کی دھمکی، کبڈی ٹیم بھی بھیجنے سے انکار

Nov 15, 2024

 لاہور(سپورٹس رپورٹر )آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کیلئے پاکستان آنے کے بعد ہائبرڈ ماڈل پر قائل کرنے کیلئے بھارتی بورڈ پی سی بی کو مالی نقصان سے ڈرانے لگا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چیمپئینز ٹرافی پاکستان سے کسی دوسرے ملک منتقل ہوئی تو 65 ملین ڈالر میزبانی فیس سے ہاتھ دھونا پڑیں گے جبکہ دستبرداری کی صورت میں پابندیوں کیساتھ ریونیو شیئر سے بھی محروم ہونا پڑسکتا ہے۔پاکستان نے بھارت کو چیمپئنز ٹرافی کیلئے اپنی ٹیم نہ بھیجنے پر سخت جواب دینے کا عندیہ دیا ہے، جس پر بھارت نے اپنے میڈیا کے ذریعے پی سی بی کو مالی نقصان سے ڈرانا شروع کردیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے ایونٹ میں شرکت نہ کرنے سے آئی سی سی کو بھی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑیگا ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے براڈ کاسٹنگ رائٹس خریدنے والی کمپنی کا صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔ذرائع کے مطابق براڈ کاسٹرز نے آئی سی سی سے چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول فوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے، آئی سی سی نے براڈ کاسٹرز کو 2027 تک کے میڈیا رائٹس 3 ارب ڈالرز میں دئیے تھے۔آئی سی سی نے یقین دلایا تھا کہ اس سرکل میں پاکستان بھارت میچز لازمی ہوں گے۔ بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار کے بعد ایسا ہوتا دکھائی نہیں دیتا، براڈ کاسٹرز کو بھی سب سے زیادہ کمائی پاکستان‘ بھارت میچز سے ہی ہونا تھی۔ چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کے اعلان میں تاخیر سے براڈ کاسٹرز کا بڑا نقصان ہو رہا ہے، براڈ کاسٹرز نے آئی سی سی سے ایونٹ کے شیڈول کے فوری اعلان کا مطالبہ دہرایا ہے۔ بھارتی ٹیم کی عدم شرکت پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل بی سی سی آئی کی مشاورت کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کو جواب دیگی۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے پی سی بی کو ای میل کا فوری جواب ملنا ممکن نہیں، اس میں کچھ دن لگیں گے، بھارتی ٹیم کے انکار کی ٹھوس وجوہات جاننے کی خواہش پر اب آئی سی سی نے بھارتی بورڈ سے رابطہ کرلیا ہے۔ ممکنہ جوابات مانگے گئے ہیں۔ بھارتی بورڈ تمام قانونی پہلوئوں کو سامنے رکھتے ہوئے تحریری موقف دیگا جس کی روشنی میں آئی سی سی پاکستان کرکٹ بورڈ کو جوابی ای میل بھیجے گا۔آئی سی سی حکام پاکستان‘ بھارت تنازع پر دیگر ممالک سے بھی مشاورت کررہے ہیں تاکہ مسئلے کا کوئی پائیدار حل ڈھونڈا جا سکے۔بھارت نے اپنی کبڈی ٹیم کو بھی پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا۔پاکستان اور بھارت کی کبڈی ٹیموں کے درمیان کرتار پور، گجرات اور لاہور میں کبڈی میچز رکھے گئے تھے اور اس سلسلے کا پہلا میچ 19 نومبر کو کرتار پور میں کھیلا جانا تھا۔پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری محمد سرور نے کہا کہ بھارتی کبڈی حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وہ میچز کیلئے پاکستان نہیں آ رہے، انہیں اس حوالے سے اجازت نہیں ملی۔ بھارت کا نہ آنا افسوس ناک ہے، میچز کیلئے پاکستان ٹیم نے بہت تیاری کی تھی اب پاکستان کے کھلاڑیوں کے درمیان کرتار پور میں نمائشی میچ کھیلا جائیگا۔ بھارت نے اپنی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو بھی تاحال این او سی جاری نہیں کیا ہے۔

مزیدخبریں