پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور ہائی کورٹ نے وزیراعلی خیبر پی کے کی حفاظتی ضمانت میں 17 دسمبر تک توسیع کر دی۔ سردارعلی امین گنڈاپور کی مقدمات کی تفصیل اور حفاظتی ضمانت کے لیے دائر سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل ثناء اللہ نے بتایا کہ میری وزارت داخلہ سے بات ہوئی ہے اور میں نے ان کو کہا ہے کہ عدالتی حکم کی سختی سے تعمیل کی جائے۔ چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ ہم وفاق سے جواب طلب کر سکتے ہیں، پنجاب کی حد تک ہم حفاظتی ضمانت دے سکتے ہیں جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ہمیں تھوڑا وقت دیا جائے ہم رپورٹ جمع کریں گے۔ جسٹس صاحبزادہ اسداللہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ یہ صوبے کے وزیر اعلیٰ ہیں ان کو اور بھی کام کرنے ہوتے ہیں، روزانہ یہ عدالت تو نہیں آسکتے۔ چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ صوبے کو وزیراعلیٰ کی توجہ کی ضرورت ہے، عوام نے ان کو ووٹ دیا ہے جس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ آج (بدھ کو) بھی آئی ایم ایف کے ساتھ اجلاس ہے۔
صوبے کو وزیراعلیٰ کی توجہ چاہئے، پشاور ہائیکورٹ
Nov 15, 2024