سموگ، لاہور آلودہ ترین شہر، دھند، حادثات، 6 افراد جاں بحق

اسلام آباد‘لاہور‘گوجرانوالہ(نوائے وقت رپورٹ‘نمائندہ خصوصی‘نامہ نگار )لاہور‘دنیا کے آلودہ ترین شہروں میںلاہور پہلے نمبر پر برقرار ہے جبکہ بھارتی شہر دہلی دوسرے اور کلکتہ تیسرے نمبر پر رہے۔پنجاب میں شدید دھند اور سموگ کا راج برقرار ہے‘حد نگاہ کم ہونے پر کئی مقامات سے موٹرویز کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ۔شدید دھند اور سموگ کے باعث موٹروے ایم 2 شیخوپورہ سے کوٹ مومن تک، ایم 3 لاہور سے درخانہ تک اور موٹروے ایم 5 شیر شاہ سے ظاہر پیر تک بند کر دی گئی۔ گوجرانوالہ میںدھند اور تیز رفتاری کے باعث ٹریفک حادثات کے دوران تین طالبعلم اور میاں بیوی سمیت 6افراد جاں بحق ‘دو افراد شدید زخمی ہو گئے ‘ معیز اپنے بھائی عمیر اور دوست زوہیب کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر جارہے تھے کہ راہوالی کے قریب  ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار کر انہیں کچل دیا۔دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔حادثہ کا شکار ہونیوالے تینوں نویں جماعت کا طالبعلم تھے ۔ سیالکوٹی دروازہ کے قریب تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار گلزار اور اسکی بیوی کو ٹکر مار کر کچل دیا۔ دونوں میاں بیوی موقع پر جان کی بازی ہار گئے ‘حافظ آباد روڈپر دھند کے باعث ٹرک اور کار میں تصادم ہو گیا اس حادثہ میں اظہر نامی شخص جاں بحق جبکہ جاروم رفیق اور ذیشان شدید زخمی ہو گئے ۔ محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں آج سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے باعث آج سے 15نومبر تک اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جب کہ 15سے 16 نومبر کے دوران پہاڑی علاقوں پر بھی برف باری کا امکان ہے۔اس کے علاوہ آج اور کل لاہور کے ساتھ ساتھ دیر ،سوات، بٹگرام، ایبٹ آباد، مری گلیات اور کشمیر میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں پنجاب پولیس کی سموگ کیروک تھام اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔اسی سلسلے میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سموگ کریک ڈاؤن کے دوران 49 مقدمات درج کرتے ہوئے7 افراد کو گرفتارکیا گیاہے۔439 افراد کو تقریبا 20 لاکھ روپے جرمانے عائد کئے گئے، 36 افراد کو وارننگ جاری کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن