لندن: قتل کی دھمکی، وزیر دفاع کی پاکستانی ہائی کمشن  آمدپولیس کورپورٹ درج کرا دی  

اسلام آباد+لندن (خبرنگار خصوصی+عارف چودھری)  وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے لندن ٹرین میں قتل کی دھمکی دینے، ہراساں کرنے اور ان کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے کے معاملے کی مقامی پولیس کو رپورٹ درج کرا دی۔ برطانیہ میں پاکستانی سفارتخانے کے ترجمان کے مطابق گزشتہ روز وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستان ہائی کمیشن لندن کا دورہ کیا اور پاکستان ہائی کمیشن میں مقامی پولیس کو ٹرین واقعہ کی رپورٹ درج کرا دی۔ خواجہ محمد آصف نے پولیس کو ٹرین میں چھری سے قتل کی دھمکی اور ہراسگی واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ واقعہ کی تحقیقات لندن ٹرانسپورٹ پولیس کر رہی ہے۔ اور یہ افسوسناک واقعہ 11 نومبر 2024 سہ پہر قریباً ساڑھے تین بجے الزبتھ لائن میں پیش آیا۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ وہ لندن میں نجی دورہ پر ہیں اور اپنے ایک عزیز کے ہمراہ الزبتھ لائن کے ذریعے ریڈنگ جا رہے تھے کہ اس دوران تین سے چار افراد پر مشتمل ایک خاندان کے افراد نے ٹرین میں ہراساں کیا، بلا اجازت ویڈیو بنائی، نازیبا الفاظ کا استعمال کیا اور چھری سے قتل کرنے کی دھمکی دی۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعہ میں ملوث کسی فرد کو نہیں پہچانتا۔ لندن ٹرانسپورٹ پولیس سی سی ٹی وی ویڈیوز کی مدد سے متعلقہ ملزمان کا سراغ لگائے۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ قتل کی دھمکیاں اور ہراساں کرنے کے ایسے مذموم واقعات برطانیہ میں مقیم 17لاکھ پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کے لیے بھی باعث شرم اور قابل افسوس ہیں۔

ای پیپر دی نیشن