لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے نوجوانوں کے لئے شاندار پراجیکٹ ’’پنجاب ایکوا شریمپ فارمنگ انٹرن شپ پروگرام‘‘ کا آغاز کر دیا گیا جس کے تحت فشریز ایکوا کلچر اور زوالوجی کی ڈگری رکھنے والے نوجوانو ں کو جھینگے فارمنگ کی پریکٹیکل ٹریننگ دی جائے گی۔ نوجوان انٹرنیز کو 6ماہ کے دوران ماہانہ 50ہزار روپے وظیفہ بھی ملے گا اور ینگ زوالوجسٹ کو مظفر گڑھ میں فشریز ڈیپارٹمنٹ کے شریمپ فارم پر ٹریننگ دی جائے گی۔ نوجوان انٹرن شپ کے لئے آن لائن جاب پورٹل کی ویب سائٹ پر اپلائی کرسکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں مانگ سے شریمپ کی فارمنگ سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ صرف ایک لاکھ ایکڑ پر شریمپ فارمنگ سے ایک ارب ڈالر سے زائد زر مبادلہ حاصل ہوسکتاہے۔ جنوبی پنجاب کی بنجر اور ویران زمین کو شریمپ فارمنگ سے قابل استعمال بنایا جائے گا۔ شریمپ فارمنگ کی حوصلہ افزائی کے لئے فارمر اور انویسٹر کو لیز پر زمین، مراعات اور درکار آلات دئیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ شریمپ فارمنگ کے فروغ سے 10سے 20ہزار لوگو ں کو روزگارکے مواقع مل سکتے ہیں۔ نوجوان شریمپ فارمنگ سے خود روزگار اور مالی خود مختاری حاصل کرسکتے ہیں۔ جبکہ مریم نواز نے ذیابیطس سے آگاہی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے ذیابیطس کی بڑھتی ہوئی شرح تشویشناک امر ہے۔ پنجاب بھر میں ’’چیف منسٹر انسولین‘‘ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ لاہور سمیت تین اضلاع میں چیف منسٹر انسولین فار آل پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ ٹائپ ون ذیابیطس کے مریض بچوں کو گھر میں ہی انسولین مہیا کی جائے گی۔ مریض بچوں کو انسولین کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے خصوصی کارڈ بھی بنائے جائیں گے۔ متوازن غذا اور صحت بخش طرز زندگی اپنا کر ذیابیطس سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔لندن میں گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا کام ہی احتجاج کرنا ہے۔ غلط کام کریں گے تو گرفتاریاں ہوں گی۔
ایکوا شریمپ فارمنگ انٹرن شپ پروگرام کا آغاز، ماہانہ 50 ہزار وظیفہ دینگے: مریم نواز
Nov 15, 2024