قوم سے نماز استسقا کی اپیل، وزیراعظم نے نیشنل ایکشن پلان پراپیکس کمیٹی اجلاس 18 نومبر کو طلب کر لیا

Nov 15, 2024

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ایکشن پلان پر اپیکس کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا۔ نیشنل ایکشن پلان پر اپیکس کمیٹی کا اجلاس 18 نومبر کو وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا۔ اپیکس کمیٹی اجلاس میں آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی شرکت کریں گے۔ اپیکس کمیٹی اجلاس میں دیگر انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں دہشتگردی کیخلاف کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی۔ علاوہ ازیں  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ہرنائی میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے شہداء  کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم سے باران رحمت کے لئے نماز استسقاء ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔ وزیراعظم نے علمائے کرام اور مشائخ عظام سے کہا کہ وہ خاص طور پر نماز استسقاء کے اہتمام میں اپنا کردار ادا کریں۔ بارش برسنے سے ماحول میں بہتری آئے گی، بیماریوں سے نجات ملنے میں بڑی مدد مل سکتی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ماریشس کے عام انتخابات میں ڈاکٹر نوین رام غلام کو کامیابی اور بعد ازاں وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے پر دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ جمعرات کو ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے توقع ظاہر کی کہ ان کی ہر کامیابی ماریشس کے روشن مستقبل کی نوید ہو گی۔ 

مزیدخبریں