گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی گوجرانوالہ شہر کے بیشتر علاقوں میں کم پریشر سمیت قدرتی گیس کا بحران بدستور جاری ہے۔گیس بحران کے باعث بچوں، بوڑھوں اور گھریلو خواتین کو بالخصوص شدید مسائل کا سامنا ہے ۔ اس بنیادی ضرورت کی عدم دستیابی پر صارفین نے ایس این جی پی ایل انتظامیہ کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتوں میں کئی گنا اضافے کے باوجود گیس فراہم نہ کرنا زیادتی ہے۔گوجرانوالہ اور گرد ونواح کے علاقے شاہین آباد ‘زاہد کالونی ‘شریف پورہ ‘سمن آباد ‘دھلے(صدیق اکبر ٹائون )‘باغبانپورہ ‘گرجاکھ ‘گورونانک پورہ ‘کالج روڈ ‘نوشہرہ روڈ ‘راجکوٹ ‘محمد آباد ‘سید پاک بازار ‘محلہ اسلام پورہ (دھلے)‘گھنٹہ گھر چوک ‘بختے والا محلہ ‘سیالکوٹ روڈ ‘ڈیلٹا روڈ ‘کشمیر کالونی ‘فتومنڈ ‘چھیچھر والی ‘پیپلز کالونی ‘سیٹلائٹ ٹائون ‘ماڈل ٹائون ‘ گوندلانوالہ روڈ ‘نعمانیہ روڈ ‘حافظ آباد روڈ سمیت دیگر علاقوں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ کم از کم دن کے اوقات میں یکساں پریشر کیساتھ گیس فراہم کی جائے کیونکہ پریشر کم کرنے سے لوگ کمپریسر کا استعمال شروع کر دیتے ہیں جس کی وجہ سے بالخصوص وہ صارفین جو اس غیرقانونی عمل کا حصہ نہیں بنتے انہیں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔