اسرائیلی فوج زمینی اور فضائی راستے سے لبنانی علاقوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ اسی تناظر میں اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ لبنان نے خلیج حیفا کے علاقے میں پانچ میزائل فائر کیے ہیں۔ آرمی پریس آفس نے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی کہ کچھ میزائلوں کو روک لیا۔ باقی ایک غیر آباد علاقے میں گرے۔دوسری جانب العربیہ کے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ حزب اللہ کی جانب سے داغے گئے متعدد بیلسٹک میزائل حیفا کے شمال مشرقی مضافات میں گرے ہیں اور ان میں سے بعض کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ قبل ازیں لبنان کی وزارت صحت نے بتایا کہ مشرقی لبنان کے شہر بعلبک کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا بعلبک میں الشعب کالونی پر حملے کے نتیجے میں ابتدائی طور پر تین ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ دیگر 12 افراد زخمی بھی ہوگئے۔جمعرات کو اعلان کیا گیا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے میں تقریباً 30 اہداف پر بمباری کی گئی۔ اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان حملوں کا مقصد حزب اللہ کی عسکری صلاحیتوں کو ختم کرنا اور اسے کمزور کرنا تھا۔ صہیونی فوج نے کہا کہ اس نے حال ہی میں حزب اللہ کے ہتھیاروں کے ڈپو، کمانڈ سینٹرز اور دیگر انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا ہے۔ایک لبنانی رپورٹ میں بتایا گیا کہ جمعرات کو پرتشدد جھڑپیں شہر عیترون کے مضافات میں جنوبی لبنان کے شہر عیناتا کی طرف ہوئیں۔ ان جھڑپوں میں اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ دوسری طرف اسرائیلی حملے بھی جاری ہیں۔ اسرائیلی فوج نے جمعرات کو بھی بیروت کے جنوبی علاقے ’’ الضاحیہ الجنوبیہ‘‘ میں لوگوں کو انخلا کی ہدایت کی۔اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوب میں شہر بنت جبیل پر حملہ کیا۔ جنوبی مضافاتی علاقے حارہ حریک- الرویس اور برج البراجنہ کے آس پاس کے علاقوں کو نشانہ بنایا۔ آنے والی تصاویر میں جنوبی مضافاتی علاقے میں حملے کی جگہ سے اٹھتے ہوئے دھوئیں کے بادل کو دکھایا گیا ہے۔منگل سے اسرائیلی حملوں کی کم از کم چھ لہروں کے بعد اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ’’ ایکس‘‘ پر کہا کہ ’’ شویفات العمروسہ‘‘ اور ’’الغبیری‘‘ کے مکینوں کو انخلا کا کہا گیا ہے۔ اسرائیل کے وزیر توانائی ایلی کوہن جو سیکورٹی کابینہ کے رکن ہیں نے کہا ہے کہ اسرائیل جنگ کے آغاز کے بعد سے حزب اللہ کے ساتھ دشمنی کے حوالے سے معاہدے تک پہنچنے کے پہلے سے کہیں زیادہ قریب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کو کسی بھی معاہدے کی خلاف ورزی کی صورت میں لبنان کے اندر کارروائیاں کرنے کی آزادی کو برقرار رکھنا چاہیے۔ لبنان کے جنوب میں اسرائیلی بمباری میں توسیع ہوگئی اور لڑائیاں جاری ہیں۔ اسرائیلی فوج نے اپنے 6 فوجیوں کی ہلاکت کا اعلان کیا ہے۔جمعرات کو عالمی بینک کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق لبنان میں ایک لاکھ مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان ایک سال سے زائد عرصے کے دوران ملک میں اقتصادی نقصانات 5 بلین ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔ نقصان کی زد میں آنے والے 99,209 ہاؤسنگ یونٹس میں سے 18 فیصد مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں اور 82 فیصد کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ 8 اکتوبر 2023سے جاری لڑائی کے باعث لبنان میں 5.1ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔لبنان کی وزارت صحت کے مطابق 8 اکتوبر 2023 کو حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان بمباری کے تبادلے کے آغاز کے بعد سے لبنان میں 3,360 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جن میں سے اکثریت عام شہریوں کی ہے۔