پنجاب میں شدید دھند کی وجہ سے مختلف ایئر پورٹس کا فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔شدید دھند کے باعث 11 پروازیں منسوخ کردی گئی جبکہ 3 پروازوں کو متبادل ایئر پورٹس پر اتارا گیا اور 53 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں،موٹرویز مختلف مقامات پر بند کردی گئیں ۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی سے فیصل آباد پی کے 340، 341، لاہور کوئٹہ کی پی آئی اے کی پروازیں پی کے 322، 323 منسوخ کردی گئیں۔ جدہ سے لاہور غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز ایس وی 739، مسقط سیالکوٹ کی پی آئی اے کی پروازیں پی کے 281،282 اور اسلام آباد گلگت کی 4 پروازیں پی کے 601، 602، 605، 606 منسوخ کردی گئیں ۔دوحہ سے ملتان پہنچی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کیو آر 616 اسلام آباد اتاری گئی اور موسم ٹھیک ہونے پر پرواز کو اسلام آباد سے واپس ملتان لایا گیا۔جدہ سے لاہور کی پرواز ایس وی 738 کو بھی اسلام آباد اتار لیا گیا جبکہ دمام سے سیالکوٹ کی پرواز پی کے 244 کو لاہور ایئر پورٹ پر اتارا گیا۔لاہور سے کوالالمپور کی پرواز او ڈی 132 اور لاہور سے بنکاک کی پرواز ٹی جی 346 بھی ٹیک آف نہ کرسکی۔کراچی اسلام آباد کے مابین 7 اور کراچی لاہور کی 5 پروازیں بھی تاخیر کا شکار رہیں۔لاہور ایئر پورٹ پر آمد اور روانگی کی 19 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں ۔لاہور سے دبئی اور ابوظہبی کی 3 پروازوں کی روانگی میں 6 گھنٹے سے زائد کی تاخیر ہوئی ۔دوسری جانب لاہور میں شدید دھند کے باعث ائیرپورٹ، کینٹ اور اطراف میں حد نگاہ صفر ہوگئی جب کہ موٹروے ایم 2 اسلام آباد سے لاہور، ایم 3 لاہور سے درخانہ اور ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان، ایم 5 ملتان سے جلال پور، ایم 11 لاہور سے کامونکی اور لاہور سیالکوٹ موٹروے مکمل بند کردی گئی۔اس کے علاوہ سے 16 نومبر تک لاہور، راولپنڈی، کے پی اور پنجاب کے بالائی اضلاع میں بارش متوقع ہے جس سے اسموگ میں کمی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔