عوام اقتدار کےلئے بنائے گئے اتحادوں کا حشر ساہیوال کے ضمنی الیکشن جیسا کرینگے: نوازشریف

لاہور (خصوصی رپورٹر ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ عوام حکومت اور حکمرانوں سے ناراض ہیں جس کا اظہار انہوں نے ساہیوال کے ضمنی الیکشن میں (ق) لیگ اور پیپلز پارٹی کے مشترکہ امیدوار کو ہرا کر کیا ہے۔ حکمرانوں کو کرپشن اور اقربا پروری سے فرصت نہیں اور عوام مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں۔ ذاتی مفادات اور اقتدار کی خاطر بنائے گئے اتحادوں کا عوام وہی حشر کریں گے جیسا ساہیوال کے ضمنی انتخابات میں کیا ہے۔ حکومت کے پاس لوڈ شیڈنگ کا کوئی مستقل حل اور پروگرام نہیں۔ آج ملکی صنعت کا پہیہ جام ہو رہا ہے۔ مزدور‘ دیہاڑی دار اور محنت کش بیروزگار ہو رہے ہیں مگر حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔ کرپشن اور لاقانونیت عروج پر ہے۔ یہ سلسلہ زیادہ دیر نہیں چلے گا۔ آئندہ انتخابات میں عوام اتحادی حکمرانوں کو مسترد کر دیں گے۔ رائے ونڈ میں نماز جمعہ کے بعد مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں اگر عوام نے ہمیں منتخب کیا تو ہم انشاءاللہ پاکستان اور عوام کی تقدیر بدل دیں گے۔ ایسا پاکستان تعمیر کریں گے جہاں تمام لوگوں کو ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں۔ انصاف و قانون کا بول بالا ہو گا۔ نوازشریف نے کہا کہ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان میرا خواب ہے‘ اس خواب کی تعبیر کے لئے انشاءاللہ میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کروں گا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...