مخدوموں، گیلانیوں اور قریشیوں نے اقتدار میں رہنے کے باوجود کچھ نہیں کیا: مفتی منیب

Oct 15, 2012

بورے والا (نامہ نگار) مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین اور تنظیم المدارس پاکستان کے صدر مفتی منیب الرحمن نے کہا ہے کہ قوم کو متحد ہو کر دہشت گردی کی کارروائیوں کے ذریعہ اسلام کو بدنام کرنے والے ملک دشمنوں کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ مخدوموں،گیلانیوں اور قریشیوں نے اقتدار میں رہنے کے باوجود اس حوالہ سے کچھ نہیں کیا بلکہ ان کے ادوار میں بھی مزارات پر حملے ہوتے رہے مولانا حامد سعید کاظمی کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ بھی پوری قوم کے سامنے ہے۔ آنے والا وقت ہمارے لیے مشکل ترین ہے اور ہمیں اپنی بقاءکے لیے میدان عمل میں آنا ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ شب جماعت اہلسنت کے زیر اہتمام قائد اعظم سٹیڈیم میں منعقدہ تحفظ حقوق اہلسنت کانفرنس میں ہزاروں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت پیر میاں محمد حنفی سیفی آف آستانہ عالیہ راوی ریان شریف لاہور نے کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماءپاکستان (سوادِ اعظم)کے مرکزی صدر علامہ مفتی فضل الرحمن نے کہا کہ جب سلالہ چیک پوسٹ پر حملہ ہوتا ہے تو کیانی صاحب نیٹو سپلائی بند کروا دیتے ہیں جب شانِ رسالت پر حملہ ہوا تو نیٹو سپلائی کو بند کیوں نہیں کیا۔ پیر محمد اقبال شاہ نے کہاکہ اب چور اور چوکیدار کی پہچان کرنا ہوگی۔ حضورﷺ کے غلام ہونے کے جھوٹے دعوایدار ہی مزارات پر بم برساتے ہیں، کانفرنس سے مولانا محمد یوسف رضوی ٹوکے والے،جمعیت علماءپاکستان کے مرکزی صدر سید محمد محفوظ مشہدی، قاری محمد شفیق چشتی، پیر ضیاءالمصطفےٰ حقانی، مولانا عبدالمصطفےٰ ہزاروی، اے ٹی آئی کے ناظم حافظ محمد ذیشان اور دیگر علماءنے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں سابق صوبائی وزراءچوہدری نذیر احمد آرائیں، پیر غلام محیی الدین چشتی، چوہدری محمد عابد، ضلعی صدر انجمن تاجران محمد جمیل بھٹی، اے ٹی آئی یونیورسٹی و کالجز کونسل پنجاب کے چیئرمین ملک محمد رمضان لنگڑیال، محمد اعظم طارق اور دیگر راہنما بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں