وزیراعلیٰ کا رجوعہ اور چنیوٹ میں خام لوہے کے منصوبوں پر پیشرفت نہ ہونے کا نوٹس ‘ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے رجوعہ اور چنیوٹ میں معدنی وسائل اور خام لوہے کے ذخائر کی تلاش کے منصوبوں پر پیش رفت نہ ہونے کاسخت نوٹس لیتے ہوئے محکمہ معدنیات اور پنجاب منرل کمپنی کی ناقص کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور ان منصوبوں میں غیر معمولی تاخیر اور سرکاری فرائض میں غفلت کے مرتکب ذمہ دار افسران کے خلاف فی الفور کارروائی کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ سرکاری فرائض میں غفلت، نا اہلی اور دونوں منصوبوں پر سست روی کا مظاہرہ کرنے والے تمام سابقہ اور موجودہ متعلقہ افسران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ واضح ہدایات کے باوجود دونوں منصوبوں پر کوئی پیش رفت نہیں کی گئی اور منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں کے کام میں تاخیری حربوں سے غیرضروری رکاوٹ ڈال کر مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا گیا جو قوم کے ساتھ سنگین مذاق کے مترادف ہے۔ اس صورتحال کی تمام تر ذمہ داری محکمہ معدنیات کے افسران پر عائد ہوتی ہے جن کی عدم دلچسپی اور نااہلی کی بنا پر کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری فرائض اور ذمہ داریوں میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جاسکتی۔ محکمہ معدنیات کے اہم عہدوں پر تعینات افسران ان منصوبوں کو آگے بڑھانے کی اہلیت نہیں رکھتے اور یہ اپنے عہدوں پر رہنے کے اہل نہیں ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ قومی نوعیت کے اہم منصوبوں پر تیز تر پیش رفت کے لئے معروف سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند سے مشاورت کی جائے اور محکمہ معدنیات اور پنجاب منرل کمپنی کے اہم عہدوں کیلئے قابل، محنتی اور ملک کی تعمیر و ترقی کے جذبے سے سرشار افسران کی خدمات حاصل کی جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن ان اہم منصوبوں میں غفلت اور غیر ذمہ داری برتنے والوں کا تعین اور وجوہات کی انکوائری کرکے رپورٹ پیش کریں۔ درےں اثنا وزےراعلیٰ نے معدنی وسائل کی تلاش بالخصوص رجوعہ اور چنیوٹ میں خام لوہے کے ذخائر کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کی جس میں صوبائی وزیر توانائی چودھری شیر علی خان،چیف سیکرٹری ، سیکرٹری معدنیات، متعلقہ حکام کے علاوہ معروف سائنسدان ڈاکٹر ثمرمبارک مند نے وزیراعلیٰ کی درخواست پر خصوصی طو رپر شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے کہاکہ ایک طرف ملک کو غربت اور بے روزگاری کے مسائل کا سامنا ہے جبکہ دوسری جانب قدرت کی عطا کردہ بیش بہا وسائل سے کما حقہ استفادہ نہیں کیا جا سکا۔ اس میں کسی اور کی نہیں صرف اور صرف متعلقہ محکمے کی غفلت اور نا اہلی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اربوں ڈالر مالیت کی معدنیات کے ذخائر مختلف مقامات پر موجود ہیں لیکن ان کی کھوج کے کام میں نیک نیتی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، بلوچستان کے زلزلہ متاثرین کی امداد و بحالی اور صوبہ پنجاب میں عوام کے لئے شروع کئے جانے والے ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے گورنر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ بلوچستان کے زلزلہ زدگان کی امداد اور بحالی کے لئے پنجاب کے عوام اور مخیر حضرات نے دل کھول کر عطیات دیئے ہیں۔ پنجاب حکومت متاثرہ بلوچ بہن بھائیوں کی بحالی تک امداد جاری رکھے گی۔ شہباز شریف نے سیکرٹری آرکائیوز و لائبریریز پنجاب اوریا مقبول جان کے بھائی سرمد عباسی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن