لال مسجد آپریشن، عبدالرشید غازی، انکی والدہ کے قتل کا حکم نہیں دیا، پرویز مشرف

Oct 15, 2013

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) لال مسجدکیس میں پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے پیر کو سابق صدر پرویز مشرف سے ان کے فارم ہاﺅس پر تفتیش‘ عبدالرشید غازی کے قتل بارے سابق صدرکا بیان ریکارڈ کیا۔ تفصیلات کے مطابق عدالت کے حکم پر ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر خالد خٹک کی سربراہی میں قائم تحقیقاتی ٹیم میں ایس ایس پی ساجد کیانی اور ایس پی جمیل ہاشمی شامل ہیں۔ تحقیقاتی ٹیم نے سابق صدر پرویز مشرف سے مختلف سوالات کئے۔ سابق صدر نے تمام الزامات کو مسترد کردیا، پرویز مشرف سے سوال کیا گیا کہ لال مسجد آپریشن کا حکم کس نے دیا؟ پرویز مشرف نے جواب دیا کہ لال مسجد آپریشن کا کوئی تحریری یا زبانی حکم نہیں دیا آپریشن کا فیصلہ حکومتی سطح پر ہوا تھا غازی عبدالرشید یا ان کی والدہ کو میں نے قتل نہیں کیا کسی کو بھی قتل کرنے کا حکم جاری نہیں کیا۔ وزیراعظم اور انتظامیہ کے کاموں میں صدر کا براہ راست کردار نہیں ہوتا۔ پرویز مشرف سے کی گئی تفتیش کو ریکارڈ کا حصہ بنا لیا گیا اور 18 اکتوبر کو درخواست ضمانت کے دوران ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

مزیدخبریں