لاہور (خصوصی رپورٹر) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے بچے ہماری قوم کا قیمتی سرمایہ اور ہمارے مستقبل کے معمار ہیں جنہیں پینے کا صاف پانی فراہم کرنا اتنا ہی ضروری ہے جتنا دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی، انہوں نے کہا میڈیا بچوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے باقاعدہ ایک مہم شروع کرے جس میں مخیر حضرات، سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں کو اس سلسلے میں باقاعدہ اپیل کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت، دی نیشن اور وقت ٹی وی کے ایڈیٹر انچیف ڈاکٹر مجید نظامی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گزشتہ روز گورنر ہاﺅس لاہور میں ملاقات کی۔ نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید بھی ان کے ہمراہ تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا یہ امر خوش آئند ہے میڈیا ریاست کا ایک مضبوط ستون بن چکا ہے جسے اہم مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ان کے حل کے لئے بھی اپنا موثر کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا سکولوں میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے اور اسی فیصد بیماریاں آلودہ پانی پینے کے باعث جنم لیتی ہیں، اس مسئلے کے ادراک کے لئے ہم سب کومل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ گورنر پنجاب نے نئی نسل کی نظریاتی آبیاری کرنے اور ان میں مشائخ پاکستان اور نظریہ پاکستان کے بارے میں شعور اجاگر کرنے میں ایوان کارکنان تحریک پاکستان بالخصوص ڈاکٹر مجید نظامی کے کردار کو سراہا اور کہا یہاں ہر سال لاکھوں بچے نظریاتی تربیت حاصل کرتے ہیں لہذا یہاں ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں بھی ایک واٹر فلٹریشن پلانٹ لگایا جائے گا جو سولر انرجی سے چلے گا۔ اس موقع پر ڈاکٹر مجید نظامی نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی تعلیم کے حوالے سے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا یہ امر خوش آئند ہے پنجاب حکومت کو علم دوست اور عوام دوست قیادت میسر ہے اور ہم توقع کرتے ہیں وہ نوجوان نسل میں اسلام اور پاکستانیت کے جذبے کو فروغ دینے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔
میڈیا بچوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے مہم شروع کرے: گورنر
Oct 15, 2013