امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے، اقوام متحدہ مردہ گھوڑا ثابت ہوئی: برجیس طاہر

Oct 15, 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت و بلتستان چودھری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کی بہبود کے لئے نوازشریف کے منصوبوں گوادر سے خنجراب تک ٹریک، ٹرین سروس، دیامیر بھاشا ڈیم کی بدولت مسلم لیگ نے گلگت بلتستان میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہونے کے باوجود دونوں ضمنی الیکشن جیت لئے ہیں۔ گلگت بلتستان میں کرپشن کا خاتمہ کیا جا رہا ہے، 600روپے امدادی قیمت پر گندم حاصل کرکے 1600روپے میں آٹا فی من پنجاب اور خیبر پی کے بھجوانے کا سلسلہ بند کر دیا گیا ہے۔ وہ گذشتہ روز اپنی وزارت کے 120دن کی کارکردگی کے حوالے سے کشمیر سنٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر خواجہ محمود احمد، مشتاق حسین شاہ، خواجہ عامر رضا اور شہزاد انور بھی موجود تھے۔ چودھری برجیس طاہر نے کہا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطاب حق خودارادیت دلوانا وزیراعظم نوازشریف کا عزم ہے جس کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے مردہ گھوڑا ہونے کا ثبوت دیا اور اپنی کشمیر کے بارے میں قراردادوں پر عمل نہ کروایا تو اقوام متحدہ ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔ پاکستان پرامن مذاکرات چاہتا ہے مگر بھارت مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ہے۔ اقوام متحدہ نے مشرقی تیمور کی طرح کشمیر کے لوگوں کو رائے شماری کا حق نہ دلوایا تو دنیا میں تیسری عالمی جنگ چھڑنے کی ذمہ داری اقوام متحدہ ہو گی جس کے بعد اقوام متحدہ بھی اپنا وجود کھو بیٹھے گی۔ انہوں نے کہا کہ نکیال سیکٹر پر بھارتی گولہ باری سے بیگناہ شہید ہو رہے ہیں، آخر کب تک ظلم کو برداشت کیا جا سکے گا۔

مزیدخبریں