لاس اینجلس (آئی این پی) امن کا نوبل انعام حاصل کرنیوالی ملالہ یوسفزئی کا نام مشہور امریکی جریدے ٹائم میگزین نے مرتب کی گئی 2014ء کے دنیا کے بااثر ترین 25 ٹین ایجرز کی فہرست میں شامل کرلیا۔ سروے کے مطابق پاکستان کی گل مکئی کو 54 فیصد عوام نے دنیا بھر کے نوجوانوں میں سب سے بااثر شخصیت ٹھہرایا ہے۔ امریکی صدر کی بڑی بیٹی 16 سالہ مالیا اور 13 سالہ ساشا اور گریمی ایوارڈ جیتنے والی نیوزی لینڈ کی 17 سالہ گلوکارہ لارڈ بھی فہرست میں شامل ہیں۔ ٹائم میگزین کے مطابق 25 نوجوانوں کی فہرست سماجی ویب سائٹس پرانکی مقبولیت، کاروباری ترقیوں اور ثقافتی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے مرتب کی گئی۔ ان میں سب سے کم عمر 13 سالہ ساشا اوباما اور مون ڈیوس ہیں۔ بیس بال کے کھلاڑی مون ڈیوس نے اپنی فلاڈیلفیا کی بیس بال ٹیم کو لٹل لیگ ورلڈ سیریز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ فہرست میں شامل 18 سالہ ٹاوی جیونسن ایک فیشن رائٹر اور مشہور آن لائن میگزین ’’روکی‘‘ کے بانی ہیں۔ اسکے ساتھ 14 سالہ جاز جیننگز اور ہانگ کانگ کی جمہوریت کی حامی 18 سالہ جوشوا وونگ بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔ ایتھلیٹس، اداکاری اور گلوگاری کی کیٹگریز زیادہ نمایاں رہیں۔ فہرست میں 20 لڑکیاں شامل ہیں۔