لاہور (آئی این پی+ ثنا نیوز) سانحہ ملتان کی تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوادی۔ تحر یک انصاف نے مذکورہ کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے انکار کے بعد کمیٹی کو مستر د کرتے ہوئے اسے بیان جمع کروانے سے بھی انکار کر دیا تھا۔ منگل کو حکومتی ذرائع کے مطابق رپورٹ کے مطابق بھگدڑ کی وجہ بدنظمی، گھٹن، حبس اور نامناسب انتظامات ہیں، جلسے میں قائدین کے خطاب کے دوران ہی بھگدڑ مچ چکی تھی، جلسے کی انتظامیہ کی غفلت اور لوگوں کی کثیر تعداد حادثے کا سبب بنی۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی نے 100سے زائد افراد کے بیانات ریکارڈ کئے جس میں آر پی او اور ڈی سی او ملتان، ریسکیو اہلکار اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے افسر شامل ہیں۔ کمیٹی کی سربراہی سیکریٹری ماحولیات ڈاکٹر اقبال چوہان کر رہے ہیں، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر شعیب اور ڈی آئی جی علی عامر ملک بھی کمیٹی کے رکن ہیں۔