رن پٹھانی: لاہور آنیوالی بزنس ٹرین کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی، فائرمین جاں بحق

Oct 15, 2014

کراچی (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) کراچی سے لاہور جانے والی بزنس ٹرین رن پٹھانی سٹیشن کے قریب کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی، حادثے میں ٹرین کا فائرمین ذاکر  جاں بحق ہوگیا جبکہ ٹرین میں سوار 270 مسافر محفوظ رہے۔ بتایا گیا ہے کہ بزنس ٹرین منگل کی سہ پہر 3 بجے کراچی سے لاہور کیلئے روانہ ہوئی تھی، حادثے میں مال گاڑی کی تیل سے بھری 7 بوگیاں الٹ گئیں جبکہ کراچی سے اندرون ملک ٹرینوں کی آمدورفت کئی گھنٹے معطل رہی۔ کراچی آنے والی شالیمار، نائٹ کوچ، تیز گام اور ملت ایکسپریس کو کینٹ سٹیشن جبکہ قراقرم کو بن قاسم سٹیشن پر روک لیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد اور ریلوے کی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ بزنس ٹرین کو رن پٹھانی سٹیشن پر کسی دوسری ٹرین کے ساتھ پنجاب روانہ کرنے کیلئے پہنچا دیا گیا کیونکہ اس کا انجن تباہ ہوگیا تھا۔ جبکہ مال گاڑی کو لاہور کیلئے متاثرہ بوگیاں ہٹاکر روانہ کیا گیا۔ جاں بحق ہونے والے فائر مین کی نعشں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ حادثہ بزنس ٹرین اور مال گاڑی کو ایک ہی ٹریک پر ڈالنے سے پیش آیا۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے حادثے میں  اہلکار کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار اور حادثے کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔

مزیدخبریں