اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) نیول چیف ایڈمرل ذکا اللہ نے گزشتہ روز جنرل ہیڈکواٹر کا دورہ کیا۔ کمانڈ سنبھالنے کے بعد ایڈمرل ذکاء اللہ کا یہ جی ایچ کیو کا پہلا دورہ ہے۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی اور پیشہ وارانہ امور پر بات چیت کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل شریف نے ایڈمرل ذکاء اللہ کو نیول چیف کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں دونوں سربراہان نے علاقائی سکیورٹی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مستقبل میں دونوں فورسز کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ علاوہ ازیں سربراہ پاک بحریہ ذکاء اللہ نے ائر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا بھی دورہ کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ سے پاک فضائیہ کے پرنسپل سٹاف افسران کا تعارف کرایا گیا۔ ایڈمرل ذکاء اللہ کو پاکستان کے دفاع کیلئے نیوی کے ساتھ مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی گئی۔ پاک بحریہ کے سربراہ کی پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ سے بھی ملاقات ہوئی۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اللہ کو ائر ہیڈ کوارٹرز آمد پر گارڈ آف آنرز بھی پیش کیا گیا۔ فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان نے ملک کی فضائی اور سمندری حدود کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔