لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے دو کنال سے بڑے گھروں پر لگژری ٹیکس کے نفاذ کے خلاف حکم امتناعی میں توسیع کرتے ہوئے حکومت پنجاب کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورت کے جسٹس شمس محمود مرزا نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ حکومت پنجاب نے غیر قانونی طور پر دو کنال سے بڑے گھروں پر لگژری ٹیکس عائد کر دیا۔ حکومت پنجاب نے گذشتہ سال بھی یہ ٹیکس نافذ کیا تھا مگر عدالت عالیہ میں اس نفاذ کو چیلنج کرنے پر لگژری ٹیکس کا اقدام واپس لے لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے ہی پراپرٹی ٹیکس وصول کر رہی ہے قوانین کے تحت ایک ٹیکس کی موجودگی میں دوسرا ٹیکس وصول نہیں کیا جا سکتا۔ جس پر عدالت نے اپنے حکم امتناعی میں توسیع کرتے ہوئے حکومت پنجاب کو 10 نومبر کے لئے دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔