ملتان (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک کی عزت کیلئے میدان میں نکلے ہیں ، ذاتی طور پر جاوید ہاشمی سے کوئی شکایت نہیں، خدا گواہ ہے کہ ہم نے ذاتی انا کو ختم کردیا، ملتان کا الیکشن سیاست کو نیا رُخ دے گا۔ این اے 149 میں سب سے زیادہ سیاسی شعور ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کیلئے اپنی قربانی دینے کو تیار ہوں۔ عمران خان کی پیٹھ میں چھرا نہیں گھونپوں گا، پارٹی کے عروج کے وقت جاوید ہاشمی نے ٹھیک نہیں کیا۔ عمران نے مجھ سے زیادہ انہیں عزت دی۔ الزامات پر عمران خان کو دکھ ہے۔ ہاشمی ناراض ہوئے تو کیا ہم منانے نہیں گئے تھے، ہم نے منتیں کیں، سیٹ کی لالچ ہوتی تو اسمبلی سے استعفیٰ نہ دیتے۔ الیکشن صرف ایک سیٹ جیتنے کا نام نہیں، پاکستان کی بقا اور جمہوری اقدار اہم ہیں۔ عزت عہدوں سے نہیں ملتی، حکومت کے پائوں تلے سے زمین کھسکتی نظر آرہی ہے، عام انتخابات قریب ہیں، بلے کی بلے بلے ہوگی۔دریں اثناء تحریک انصاف نے دھرنے اور عمران خان کی تقریر کے اوقات محرم الحرام اور موسم سرما کی آمد کے باعث تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ شاہ محمود نے واضح کیا کہ ایام محرم میں پارٹی ترانے اور موسیقی نہیں چلائی جائیگی۔