مقبوضہ کشمیر میں مجاہدین کے بھارتی فوج پر حملے‘ جھڑپ‘ 2 اہلکار ہلاک‘ متعدد زخمی

Oct 15, 2014

سرینگر (اے این این+نیٹ نیوز)مقبوضہ کشمیر میںبھارتی فوج کی گشتی ٹیم پر حملے اور جھڑپ میں 2 اہلکار واصل جہنم اور متعدد زخمی ہو گئے،مجاہدین کارروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز  مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ کی تحصیل ہندواڑہ میں مجاہدین نے قابض بھارتی فوج کی گشتی ٹیم پر اس وقت دھاوا بول دیا جب وہ  وڈر بالا میں معمول کے گشت پر تھی، مجاہدین نے گھات لگا کر فوجی پارٹی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے جنھیں قریبی فوجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حملے میں مارے جانے والے فوجی اہلکار  کا نام صاحب سنگھ بتایا گیا ہے۔ واقعہ کے بعد بھارتی فوج نے مجاہدین کے خلاف مورچہ بند فائرنگ کی تاہم مجاہدین فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعہ کے بعد بھارتی فوج نے علاقے کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی لی تاہم کوئی کامیابی نہیں ہوئی۔ادھر کولگام   میں بھی مجاہدین نے فوج اور پولیس کی مشترکہ پارٹی پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ یہ حملہ فرصل کے علاقے نوپورہ گاؤں میں اس وقت کیا گیا جب بھارتی فوج اور پولیس کی ٹیم مجاہدین کی موجودگی کی اطلاع پر علاقے میں سرچ آپریشن میں مصروف تھی۔کارروائی کے بعد مجاہدین فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعہ کے بعد داخلی خارجی راستوں کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ سرینگر میں نوجوانوں نے داعش کے پرچم لہرا دئیے اور احتجاج کیا۔ ادھر کٹھ پتلی وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے ایک بیان میں کہا داعش کی وادی میں موجودگی کے کوئی ثبوت نہیں۔ بھٹکے ہوئے نوجوانوں کیخلاف کارروائی ہو گی۔ انہوں نے وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی جس میں ناتھ نے برہمی کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں