اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز، بھکھی پاور پلانٹ اور آئل مافیا کے خلاف تحقیقات کے لئے اعلیٰ سطح کا عدالتی کمشن بنانے کے لئے متفرق درخواستیں دائر کردی گئیں۔ سرتاج عزیز کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست میں مئوقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کی تقرری آئین کے آرٹیکل 93کے خلاف ہوئی ہے۔ بھکھی پاور پلانٹ منصوبے کے خلاف وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب، وزیر پٹرولیم، وزیرپانی و بجلی سمیت 22 اداروں اور افراد کو فریق بناتے ہوئے عدالت سے استدعا کی ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے بھکھی پاور پلانٹ کے 9 اکتوبر کو افتتاح کی تمام تفصیلات اور ریکارڈ عدالت میں طلب کیا جائے۔ آئل مافیا کے خلاف تحقیقات کے لئے اعلیٰ سطح کا کمشن بنانے کی درخواست میں وزیراعظم، وفاقی وزیر پانی و بجلی، وزیر پٹرولیم مختلف پاور کمپنیوں اور آڈیٹر جنرل سمیت 37اداروں کو فریق بنایا گیا ہے۔