تحریک انصاف 7 نومبر کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں آ کر بات کرے: ایاز صادق

Oct 15, 2016

لاہور (خصوصی رپورٹر) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ حکومت اور فوج میں کوئی تنائو نہیں ہے۔ اس طرح کی باتیں کر کے بھارت کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ساری توجہ کشمیر‘ بھارت اور ضرب عضب پر ہے۔ 7 نومبر سے پارلیمنٹ کا اگلا اجلاس ہو رہا ہے۔ پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وہاں آ کر بات کرے۔ مسائل کے حل کی جگہ پارلیمنٹ ہے۔ وہ گذشتہ روز اچھرہ میں مسلم لیگی کارکن اعجاز شامی کی گلی میں پی پی 148 کے مکینوں کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر چودھری اختر رسول‘ حافظ محمد نعمان‘ میاں محمد طارق‘ صلاح الدین پپی، اعجاز شامی‘ علی رضا اور مسلم لیگی کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ پانامہ لیکس پر تحقیقات ہو رہی ہیں اور جلد نتائج قوم کے سامنے آ جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ادارے قانون کے تحت چلتے ہیں۔ بادشاہت والی کوئی بات نہیں۔ آئی این پی کے مطابق ایاز صادق نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی جڑوں کو مضبوط ہونے دیا جائے اس کے خلاف سازشیں نہ کی جائیں۔ ملک میں اس وقت انتشار یا فساد کی نہیں اتحاد کی ضرورت ہے۔ دھرنوں کی سیاست کرنے والے اب شہروں کو بند کرنے کی باتیں کر رہے ہیں مگر کسی کو شہر بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ملک میں عام انتخابات 2018ء میں ہوں گے اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

مزیدخبریں