لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پر جمہوریت کے نام پر 70سال سے بدترین آمریت اورخاندانی بادشاہت کا راج ہے۔ حکمران جمہوری قدروں کو پامال کررہے ہیں اور تمام ادارے حکمرانوں کی خود غرضیوں کی وجہ سے تباہی اور بربادی سے دوچار ہیں۔ جاگیردار اور سرمایہ دار اپنی دولت کے بل بوتے پر الیکشن یرغمال بنا لیتے ہیں۔ الیکشن کمشن اپنے قوانین پر عمل درآمد کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکا۔ ان حالات میں ضروری ہے کہ عوام اپنا انتخابی رویہ بدلیں اور ملک میں دیانت دار اور عوام کی حقیقی نمائندہ قیادت لانے اور ان چوروں اور لٹیروں کے ٹولے سے نجات کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں اجلاس اور نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کے احتساب مخالف رویے نے کرپشن کو معاشرے کا ناسور بنا دیا اور کرپشن کا کینسر پورے معاشرے میں پھیل چکا ہے۔ نیب سمیت کرپشن روکنے کے درجنوں ادارے ہیں جن پر سالانہ اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں مگر کرپشن دن بدن بڑھتی جارہی ہے اور یہ ادارے خود کرپشن کا گڑھ بن چکے۔ نیب کھربوں لوٹنے والوں سے چند کروڑ لیکر باقی معاف کردیتا ہے۔ نیب کوقومی دولت ہڑپ کرنے والوں کو معاف کرنے کا حق کس نے دیا ہے۔ اینٹی کرپشن کے اداروں کو اب عوام’’ آنٹی کرپشن ‘‘کے نام سے یاد کرتے ہیں۔ چیف جسٹس نیب اور اینٹی کرپشن کے دیگر ناکام اداروں کے خلاف ازخود نوٹس لیکر قو م کو ان لٹیروں سے نجات دلائیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستانی عوام اسلام سے محبت کرتے ہیں اور ملک کی نوے فیصدسے زائد آبادی پاکستان میں شریعت کا نفاذ چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی واحد جمہوری اور پروگریسو جماعت ہے جس پر کسی جاگیر دار اور سرمایہ دار کا قبضہ نہیں بلکہ جماعت اسلامی کے کسی منصب پر کوئی جاگیردار اور سرمایہ دار موجود نہیں۔
حکمرانوں کے احتساب مخالفانہ رویہ نے کرپشن کو معاشرے کا ناسور بنا دیا: سراج الحق
Oct 15, 2016