ممبئی+ نئی دلی(اے ایف پی+ نوائے وقت رپورٹ) بھارت میں سینما مالکان بھی نفرت کی بولی بولنے لگے۔ پاکستانی اداکاروں کی فلموں کی نمائش روک دی۔ ممبئی میں سینما مالکان کے بڑے گروپس نے کہا ہے کہ کوئی بھی فلم جس میں کسی پاکستانی آرٹسٹ نے کام کیا ہو گا اسے نمائش کے لیے سینمائوں میں نہیں لگایا جائے گا۔ انڈین سینما اونرز اینڈ ایگزیبڈرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نیتن داتر نے کہا کہ اس پابندی کا اطلاق 4 ریاستوں مہاراشٹر‘ گجرات‘ گوا اور کرناٹک میں سنگل سکرین سینماز پر ہو گا ملٹی پلیکس اپنے حوالے سے فیصلہ خود کریں گے۔ ادھر بھارتی سینئر اداکار اوم پوری پھر پاکستانی فنکاروں کے حق میں بول پڑے۔ اوم پوری نے ایک بار پھر کہا ہے کہ پاکستانی فنکاروں پر حکومت کے علاوہ کسی کو پابندی لگانے کا حق نہیں۔ دوسری طرف بھارتی وزارت داخلہ حکام نے کہا ہے کہ پاکستانی اداکاروں کو ویزا جاری کرنے میں حکومت کو اعتراض نہیں۔ کوئی ویزا کے لیے رجوع کرتا ہے اور تمام شرائط پوری کرتا ہے تو ویزا ملے گا ایسا نہیں ہے کہ ہم پاکستانیوں کو ویزا جاری نہیں کرتے۔ علاوہ ازیں بھارتی وزیر تجارت نے نرملا سیتھارامن نے کہا ہے کہ حکومت نے ابھی تک پاکستان سے موسٹ فیورٹ نیشن کا درجہ واپس لینے کے معاملے پر کوئی فیصلہ نہیں کیا پاکستان کو بدستور انتہائی پسندیدہ ملک کا درجہ حاصل ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو موسٹ فیورٹ نیشن کا درجہ 1996ء میں جذبہ خیر سگالی کے طور پر دیا گیا تھا پاکستان اب بھارت کا ایم ایف این ملک ہے اور رہے گا ایم ایف این کا درجہ لینے کا فیصلہ حکومت نے کرنا ہے۔
’’پاکستانی فنکاروں والی فلمیں نہیں دکھائیں گے‘‘ بھارتی سینما مالکان بھی نفرت میں اندھے
Oct 15, 2016