حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) ڈسٹرکٹ کوارڈنیشن آفیسر حافظ آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ سنٹر حکومت پنجاب کا جدید اور انقلابی منصوبہ ہے جس کے ذریعے صوبہ بھر میں زمینوں ،جائیدادوں کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرکے جعلسازی اور فراڈ کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور اب شہری بلا دقت کم سے کم وقت میں اپنی جائیداد کے متعلق کمپیوٹرائزڈ دستاویزات حاصل کر سکتے ہیں ۔انہوں نے یہ بات لینڈ ریکارڈ سنٹر حافظ آباد کے اچانک دورہ کے موقع پر کہی۔اے ڈی سی نعمان حفیظ ،اے سی عمر فاروق وڑائچ اور دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔ڈی سی او نے غیر حاضر عملہ اور صفائی کی ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا اور فوری بہتری کی ہدایات جاری کرتے ہوئے وارننگ دی کہ حکومت پنجاب کے اس مثالی عوامی منصوبے سے وابستہ تمام افسران اور عملہ کا فرض ہے کہ وہ دفتری اوقات کار کی پابندی اور عوام کے ساتھ حسن سلوک کا مظاہرہ کریں۔ ڈی سی او نے دیہی مرکز صحت کسوکی کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے انفراسٹرکچر کی مزید بہتری کے لیے ڈی او بلڈنگز کو فوری عمل درآمد کی ہدایات جاری کیں۔