شاہد آفریدی اور جاوید میانداد کے مابین تنازع ختم ہوگیا۔ دونوں نے ایک دوسرے کےخلاف کہے الفاظ واپس لے لئے۔ جاوید میانداد اور شاہد آفریدی میں صلح کی ویڈیو جاری کر دی گئی ہے۔ آفریدی نے جاوید میانداد کو اپنے ہاتھوں سے مٹھائی بھی کھلائی اور کندھے پر ہاتھ بھی رکھا۔ اقبال شاہ اور اقبال محمد علی ملاقات کیلئے جاوید میانداد کے گھر گئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی نے جاوید میانداد سے معافی مانگ لی۔ ویڈیو پیغام میں سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم جاوید میانداد نے آفریدی پر لگائے الزامات کو واپس لیتے ہوئے کہا ہے کہ جو کچھ کہا وہ غصہ میں کہا تھا، شاہد آفریدی سے متعلق اپنے الفاظ واپس لیتا ہوں۔ شاہد میرے چھوٹے بھائیوں کی طرح ہے، بڑی اچھی بات ہے شاہد آفریدی میرے ساتھ ہے۔ شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ آپکی بات سے مجھے دکھ ہوا تھا۔ کبھی نہیں کہا کہ آپ مجھ سے معافی مانگیں، میری بات کا آپکو برا لگا تو میں معافی چاہتا ہوں۔ آپ کا بڑا پن ہے آپ نے اپنی باتیں واپس لے لیں۔