پاکستان اور سعودی عرب کی بری افواج کی مشترکہ مشقیں ”الصمصام 6“ اگلے ہفتے کے اوائل سے شروع ہو رہی ہیں۔ مشقوں میں شرکت کےلئے سعودی فوجی دستے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔
پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی مثالی ہے اور اس کا اظہار مختلف صورتوں میں ہوتا رہتا ہے۔ پاکستان میں جب بھی قدرتی آفات ، زلزلے یا سیلاب سے تباہ کاری ہوئی سعودی عرب امدادی کاموں میں سبقت لے گیا ۔ اسکے علاوہ لاکھوں پاکستانی مزدور، کارکن ، ہنر مند، انجینئر ، ڈاکٹر ، اساتذہ اور مختلف شعبوں کے ماہرین سعودی ارض مقدس میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سعودی بھائی ان کی خدمات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور واضح اعتراف کیا جاتا ہے کہ سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں پاکستانیوں کا کردار انتہائی قابل تعریف اور جاندار ہے۔ دونوں ملکوں کے قریبی تعلقات کا اس سے اندازہ کیا جا سکتا ہے، کہ پاکستان نے سعودی عرب کے دفاع کا عہد کر رکھا ہے۔الصمصام 6 مشقیں پہلی بار نہیں بلکہ ہمیشہ سے ہوتی چلی آرہی مشقوں کا تسلسل ہیں۔ ان مشقوں کی بدولت سعودی فوج کو حربی استعداد بڑھانے ، میدان جنگ کی تفہیم اور لڑائی کے جدید فلسفے کی سمجھ بوجھ حاصل کرنے کے علاوہ سعودی عرب کو در پیش دفاع و سلامتی کے چیلنجوں کو بہتر انداز میں سمجھنے میں بڑی مدد ملتی ہے۔ ان مشقوں سے دونوں ملکوں کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ پاک سعودی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
پاک سعودی مشترکہ مشقیں ”الصمصام 6“
Oct 15, 2017