ٹیکس حکام کے صوابدیدی اختیارات کا ناجائز استعمال روکنا ہوگا: ملک طاہر جاوید

Oct 15, 2017

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ تاجروں کو ریفنڈز کلیم ، ٹیکس حکام کے صوابدیدی اختیارات کے ناجائز استعمال سمیت دیگر تمام مسائل حل کرانے کے لیے ٹھوس کوششیں کی جاری ہیں،لاہور چیمبر حکومت اور نجی شعبے کے درمیان ٹھوس بااعتماد تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اقدامات اٹھارہا ہے تاکہ ترقی کے لیے مل کر کوششیں کی جاسکیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار فیروز پور روڈ کے وفود سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بینک اکائونٹس تک رسائی سمیت تاجروں کو درپیش دیگر مسائل کا حل حکومت اور تاجر برادری کے تعلقات مستحکم اور اعتماد سازی میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کے وسیع تر مفاد میں لاہور چیمبر اپنی انتھک کوششیں جاری رکھے گا، لاہور چیمبر تاجر برادری کا پلیٹ فارم اور صنعت و تجارت کو فروغ دینے کے مقصد کے تحت کام کررہا ہے۔ عدنان خالد بٹ نے لاہور چیمبر کے صدر کو آگاہ کیا کہ ریفنڈز کلیم میں تاخیر اور ایس آر او 1125کی وجہ سے تاجر پریشان ہیں، یہ مسائل جلد حل ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ فیروزپور روڈ پر مزدا کی آمد و رفت پر پابندی سے تجارتی سامان کی نقل و حمل شدید متاثر ہوگی لہذا پنجاب حکومت یہ فیصلہ فی الفور واپس لے۔

مزیدخبریں