واشنگٹن(صباح نیوز)امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ الزام تراشی سے مقصدحاصل نہیں کیاجاسکتا جبکہ افغانستان میں مل کردیرپاامن لایا جاسکتا ہے، امریکی معلومات کے تبادلہ کے چند گھنٹوں بعد ہی پاکستان نے آپریشن کر کے کینیڈین خاندان کو بازیاب کروا لیا گیا ۔ اس سے سبق ملا کہ دہشت گردی کو ختم کرنے میں تعاون کرنا بہتر ہے ۔ واشنگٹن میں پاکستان کی ابھرتی ہوئی معیشت کے موضوع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعزاز چوہدری کا کہناتھاکہ امریکی معلومات کے تبادلے کے بعدکینیڈین خاندان کوبازیاب کرایاگیا۔ کامیابی کیلئے باہمی تعاون کا سلسلہ جاری رہناچاہیے۔ان کاکہناتھادہشت گردی کوختم کرنے میں تعاون زیادہ بہترہے جبکہ باہمی تعاون جاری رہے تودونوں ممالک ایک دوسرے کے قریب آجائیں گے۔ نجی ٹی وی سے انٹرویو میں اعزاز چوہدری کا کہنا تھا جب امریکا کی دی ہوئی معلومات کی بنیاد پر پاکستان کی فورسزنے چند گھنٹوں کے اندر اندر یہ آپریشن کیا جس کی پذیرائی امریکی قیادت نے بھی کی ہے اور پاکستان میں بھی اس کی پذیرائی ہوئی ہے اس سے جو سبق ہم حاصل کرتے ہیں وہ تو یہ ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے میں تعاون زیادہ بہتر ہے بجائے اس کے کہ کوئی الزام تراشیاں کی جائیں یا الزام تراشیوں سے کسی قسم کا کوئی مقصد حاصل کیا جائے۔اگر تعاون جاری رہے تو کوئی وجہ نہیں کہ دونوں ممالک دوبارہ ایک دوسرے کے قریب آ جائیں اور پورے خطہ میں امن کا پیغام لائیں ۔ ہماری کوشش اور خواہش یہی ہے اب یہ طے ہو رہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ پاکستان تشریف لے جائیں دونوں طرف کے روابط بہت اہمیت کے حامل ہیں ۔
کینیڈین خاندان کی بازیابی سے سبق ملا دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تعاون کرنا بہتر ہے:اعزاز چوہدری
Oct 15, 2017