رینجرز کی کارروائی: لیاقت آباد سے مدفون اسلحہ برآمد‘ اورنگی سے 7 ملزم گرفتار

Oct 15, 2017

کراچی (خبر نگار) پاکستان رینجرز سندھ نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے لیاقت آباد سے زیرزمین چھپایا گیا اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کر لیا ہے‘ دیگر علاقوں سے بائیک لفٹر سمیت 7 ملزم گرفتار کر لئے گئے۔ ترجمان پاکستان رینجرز کے مطابق سپلنڈڈ اسکول شریف آباد لیاقت آباد کے قریب ایک پلاٹ پر انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کی گئی جس کے دوران پلاٹ میں زیر زمین چھپایا گیا اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کرلیا گیا ۔ برآمد کئے گئے اسلحہ میں ایک عدد رائفل 9 ایم ایم‘ایک عدد رائفل 7 ایم ایم بمعہ 6 عدد میگزین‘ایک عدد 8 ایم ایم رائفل بمعہ 4 عدد میگزین‘ 2 عدد میگزین 22 بور‘ 2 عدد میگزین 9 ایم ایم پستول‘مختلف اقسام کے 365 راونڈز شامل ہیں۔ پاکستان رینجرز نے عوام سے اپیل ہے کہ وہ دہشت گردی کی روک تھا م کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دیں اور مشکوک سرگرمی میں ملوث عناصر کی اطلاع فور ی طور پر رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03162369996 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ ادھر پاکستان بازار پولیس نے اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ایک بائیک لفٹر کو گرفتار کرکے 7مسروقہ موٹرسائیکلیں برآمد کر لی ہیں۔ تھانہ پاکستان بازار پولسی نے ملزم محمد کامران ولد محمد سبحان کو گرفتار کرکے ایک پستول برآمد کیا۔ ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے مختلف علاقوں سے 7موٹرسائیکلیں بھی چھینی ہیں جسے پولیس نے برآمد کر لیا ہے۔ برآمد ہونے والی موٹر سائیکلوں میں KHI-0618,KGZ 6610,KCO 0477,KDU0477,KHU8921,KCY 3415 شامل ہیں۔ ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 311/2017 درج کر لیا گیا ہے۔
مدفون اسلحہ برآمد

مزیدخبریں