اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان آرمی کی طرف سے کرم ایجنسی میں آپریشن کے نتیجے میں کینیڈین شہری اس کی امریکی بیوی اور بچوں کی رہائی پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے پاکستان کی تعریف اور اظہار تشکر پر بھارتی میڈیا کو سخت صدمہ ہوا ہے۔ بھارتی میڈیا نے امریکی صدر کی پاکستان کی تعریف اور مستقبل میں تعاون بڑھانے کے بیان کو امریکہ کا یوٹرن قرار دیا ہے۔ بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں مضمون نگار جبوتی ملہوترا نے اپنے خبث باطن کا مظاہرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ کینیڈین شہری اور اس کی بیوی اسی طرح پاکستانی علاقے سے برآمد ہوئے ہیں جس طرح اسامہ بن لادن ملا تھا۔ مضمون نگار نے مزید لکھا ہے کہ صرف چند ہفتے پہلے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ پاکستان کے بارے میں اپنی پالیسی تبدیل کر رہے ہیں لیکن اب امریکی صدر نے پنسلوانیا میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان کی کوششوں سے بہت خوش ہوں۔ مضمون نگار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حکومت نے لیزا کرٹس کی قیادت میں وفد کو پاکستان بھیجا جس نے کینیڈین شہری اور اس کی امریکی بیوی کو رہا کرانے کی درخواست کی۔ پاکستان نے ٹرمپ کو اپنے بارے میں سخت الفاظ واپس لینے پر مجبور کر دیا۔ بھارتی وزیراعظم مودی سرحد پار دہشت گردی کا الزام لگاتے ہیں لیکن انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ پاکستان کے پاس کئی کارڈز ہیں جنہیں وہ کھیل سکتا ہے۔ پاکستان کو اپنی جغرافیائی اور سٹریٹجک پوزیشن سے فائدہ اٹھانے کا ہنر آتا ہے۔ وہ افغانستان کا ہمسایہ ہے۔ حقانی نیٹ ورک سمیت دوسرے عسکریت پسند گروپوں سے اپنے تعلقات کی پاکستان قیمت وصول کرنا جانتا ہے۔
بھارتی میڈیا